Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2024 03:57pm

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نیا سنگ میل عبور

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نیا سنگ میل عبور کرلیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس پہلی بار چھیاسی ہزار پوائنٹس سے اوپر بند ہوا، مارکیٹ میں آج سارا دن مثبت رجحان دیکھا گیا۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں تیزی آئی، کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس تین سو پینسٹھ پوائنٹس اضافے سے چھیاسی ہزار دو سو پانچ پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں چار سو چوالیس کمپنیز کے چھیالیس کروڑ چونسٹھ لاکھ شیئرز کے سودے کئے گئے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے جاری سربراہ اجلاس کے دوران سرمایہ کار پرامید نظر آئے جس کے نتیجے میں خریداری کا رجحان بڑھ گیا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، حبکو اور ایچ بی ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں گرین ٹریڈنگ ہوئی۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت (سی ایچ جی) کا دو روزہ اجلاس جاری ہے۔ تقریب میں 7 وزرائے اعظم، ایک نائب صدر، ایک وزیر خارجہ اور دیگر سینئر رہنما نے شرکت کی۔

Read Comments