بالی ووڈ کی مشہور فلم ”تم بن“ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی، لیکن آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں پہلے کی طرح نقش ہے۔ لیکن اس فلم کے کردار اپنا حسن کھو چکے ہیں۔
فلم میں جگجیت سنگھ کا گانا ”تیری فریاد“ 23 سال گزر جانے کے بعد بھی سدا بہار ہے۔ فلم کی خاص بات یہ تھی کہ اس کے تمام ہی مرکزی کردارانڈسٹری میں نئے تھے۔
فلم میں شیکھر ملہوترا کا کردار پریانشو چیٹر جی نے ادا کیا تھا، ابھی گیان کا کردار ہمانشو ملک نے، امر شاہ کا کردار راکیش بابت نے اور تین ہیروز کی ایک ہیروئن کا کردار سندالی سنہا نے ادا کیا۔
یہ چاروں کردار تم بن فلم میں تو شاندار اداکاری کرتے نظر آتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان میں سے ایک بھی فلم انڈسٹری میں آگے جا کر اپنا نام نہیں بنا پایا۔
اسی فلم کے مرکزی کردار ہمانشو ملک نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور کئی سپر ہٹ گانوں میں نظر آئے۔ 90 کی دہائی کے آخری سالوں میں جب پاپ میوزک اپنے عروج پر تھا تب ہمانشو نے سونو نگم کے مشہور گانے ”دیوانے ہوکے ہم ملنے لگے صنم“ میں شاندار اداکاری کی۔
وہ لیجنڈ نصرت فتح علی خان کے مشہور زمانہ گیت ”آفرین آفرین“ میں بھی نظر آئے۔ ماڈلنگ کی دنیا میں جب وہ ریمپ پر قدم رکھتے تھے تو ہر ایک کی نگاہ ان پر ہی ہوتی تھی۔
ایکٹنگ میں انہوں نے 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ”کاما سوترا: دی ٹیل آف لو“ میں ڈیبیو کیا تھا۔
ہمانشو کے کیرئیر میں ایک دلچسپ بات جو آج بھی یاد رکھی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ”خواہش“ میں ملیکہ شراوت کے ساتھ 17 بوسہ کناریوں سے بھرپور مناظر عکس بند کرائے تھے۔
لیکن جب ہمانشو ملک حال ہی میں فلم ”الجھ“ کے پریمئیر میں نظر آئے تو مداحوں میں مایوسی پھیل گئی۔
کبھی اپنی اتھلیٹ باڈی اور خوبصورت انداز کے مالک ہمانشو آج خوب وزن بڑھا چکے ہیں اور انہوں نے بالڈ اسٹائل (گنج پن) بھی اپنا لیا ہے۔
پہلے کی طرح ہنستے مسکراتے ہمانشو اب ویڈیو میں پریشان سے نظر آرہے ہیں۔
ہمانشو نے فلموں سے رشتہ نہیں چھوڑا اور وہ اب تک 16 فلموں میں مختلف کرداروں میں نظر آچکے ہیں۔ ان کی حالیہ فلم ”الجھ“ ہے۔ جس کے پریمئر میں ان کا موجودہ گیٹ اپ دیکھا گیا۔