وزارت اطلاعات و نشریات نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے نغمہ جاری کر دیا۔
نغمے میں پاکستان کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کی روایت کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے، جبکہ نغمے میں پاکستان کے خوبصورت مقامات، تاریخی اور اہم عمارتیں اور متنوع ثقافت کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔
نغمے کے بول میں پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی اور ایس سی او سربراہان مملکت کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی ترقی کے لئے پاکستان کے عوام کی محنت، لگن اور جذبے کو بھی بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ یہ نغمہ پاکستان کے نامور گلوکار عمیر جسوال نے گنگنایا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ نغمہ مہمانوں کو پاکستان کی ثقافت سے روشناس کرائے گا اور ان کے دلوں میں پاکستان کے لئے محبت پیدا کرے گا۔