چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستان میں سرمایہ کاری جاری رکھنے اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
صدرآصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری ہوا۔ جس کے مطابق وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدرکی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی، پاکستان اورچین شراکت داری کو بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم لی چیانگ نے سی پیک ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گی۔
اعلامیہ کے مطابق چینی وزیر اعظم نے مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک-چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے تجارتی اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سی پیک، گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے استفادہ کرنے کا وقت آ گیا، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے ، تعلقات مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں، پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی۔
صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا، پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق آصف علی زرداری نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کے اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں ظہرانہ
صدرزرداری کی جانب سے چین کی اسٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، ظہرانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی شرکت۔
ظہرانے میں گورنر ز اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف وفاقی وزرائے ، سروسزچیفس، ممبران پارلیمنٹ ، سفارتکاروں اوردیگر افراد بھی شریک تھے۔
صدرمملکت سے کرغزستان کے وزراء کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے بھی اظہار خیال کیا۔
پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا، وزیراعظم لی چیانگ
صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، دوطرفہ تجارت میں قابلِ قدر مصنوعات اور تنوع سے اضافہ کیا جا سکتا ہے، کرغزستان کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔
صدرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، تجارت میں قابلِ قدر مصنوعات اور تنوع سے اضافہ کیا جا سکتا ہے، ہم کرغزستان کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
ملاقات میں کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے بھی اظہار خیال کیا،اکیل بیک جاپاروف نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ کرغزستان کی ترجیح ہے ، کرغزستان معیشت ، کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، کرغز شہریوں کیلئے پاکستانی ویزے کے اجراء کا عمل آسان بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔