Aaj Logo

شائع 15 اکتوبر 2024 08:57am

اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس: ٹریفک پلان جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر جڑواں شہروں میں مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 15 اور 16 اکتوبر کے لیے ایک تفصیلی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔

ٹریفک کی ہدایات:

جی ٹی روڈ: پشاور سے روات جانے والے افراد ٹیکسلا موٹروے، چکری، اور چک بیلی روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ جبکہ جی ٹی روڈ سے پشاور جانے کے لیے روات، چک بیلی روڈ، چکری، اور ٹیکسلا موٹروے کا استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مارگلہ روڈ: جی فائیو، جی سکس، اور ایف سکس کے ذریعے راولپنڈی جانے کے لیے نائنتھ ایونیو کا روٹ مقرر کیا گیا ہے۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔

بارہ کہو سے راولپنڈی: بارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے افراد رنگ روڈ اور بنی گالہ لہترارڑ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کے لیے صدر اور مری روڈ سے نائنتھ ایونیو کا راستہ تجویز کیا گیا ہے۔

زیرو پوائنٹ: زیرو پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے دونوں طرف بند ہوگی۔ کرنل شیر خان شہید روڈ سے فیض آباد آنے کے لیے نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کھلا رکھا جائے گا۔

ہیوی ٹریفک: پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے جا سکتی ہے۔ اسی طرح، لاہور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کر سکے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 14 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔ یہ اقدامات سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور کانفرنس کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Read Comments