قومی کرکٹر بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے پاکستان کرکٹ بوڑڈ (پی سی بی) کے فیصلے پر سابق انگلش کپتان مائیکل وان پھٹ پڑے۔
گزشتہ روز بروز اتوار انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا، جس میں بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر مائیکل وان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ شئیر کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
مائیکل وان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ’پاکستان انگلینڈ سے پہلا میچ نہیں جیت سکا تو بورڈ نے بہترین کھلاڑی کو ہی باہر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سابق انگلش کپتان نے بابر اعظم کو بھی ٹیگ کیا اور کہا ’مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ سرپرائز سے مالا مال ہے لیکن یہ فیصلہ سرِ فہرست ہے، یہ انتہائی احمقانہ فیصلہ ہے لیکن اگر بابر اعظم نے خود بریک مانگی ہے تو پھر قابلِ قبول ہے۔
اس سے قبل فخر زمان نے بھی ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا، بھارت نے ویرات کوہلی کو تین سال تک خراب فارم کے باوجود ڈراپ نہیں کیا، انہیں بینچ پر نہیں بٹھا دیا گیا تھا بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کی خبریں تشویش کا باعث ہیں، پاکستان کے بہترین بلے باز کو ڈراپ کرنے سے منفی پیغام جائے گا۔
واضح رہے پاکستان انگلینڈ کے خلاف اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر بروز کل کھیلے گا۔