Aaj Logo

شائع 12 اکتوبر 2024 10:51pm

سلمان اور شاہ رخ کے قریبی بابا صدیقی قاتلانہ حملے میں مارے گئے

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر اور مہاراشٹرا کے سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی قاتلانہ حملے میں مارے گئے ہیں۔

یہ سیاستدان اپنی شاندار افطار پارٹیوں کے لیے مشہور تھے جن میں شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے نامور بالی وڈ ستارے شرکت کیا کرتے تھے۔

بابا صدیقی پر فائرنگ کا یہ واقعہ ان واقعات کے چند ماہ بعد پیش آیا ہے جب اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتہ کو تین حملہ آوروں نے ان پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ باندرہ ایسٹ میں اپنے بیٹے کے دفتر کے باہر موجود تھے۔

این سی پی لیڈر بابا صدیقی پر ہفتہ کی رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی اور ان کا انتقال ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان پر تین گولیاں چلائی گئیں۔

بابا صدیقی نے اپنی جوانی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن فروری میں انہوں نے اپنی 48 سالہ سیاسی وابستگی ختم کر کے اجیت پوار کی این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔

کانگریس چھوڑنے کے بعد انہوں نے کہا تھا ’میری حالت کانگریس میں اس مصالحے کی طرح تھی جو کھانے کے ذائقے کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔‘

بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی ممبئی کے باندرہ (مشرقی) سے کانگریس کے ایم ایل اے ہیں۔

ذیشان کو اگست میں پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے کانگریس سے نکال دیا گیا تھا۔

Read Comments