حکومت نے سات ارب ڈالرز کے بدلے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اختیارات کو محدود کرنے اور خودمختار دولت فنڈ (Sovereign Wealth Fund) کے آپریشنز میں زیادہ سے زیادہ احتساب کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ پاکستان نے وقت کے ساتھ ساتھ تمام خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) کو مرحلہ وار ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ایس آئی ایف سی اور خودمختار ویلتھ فنڈ دونوں گزشتہ سال قائم کیے گئے تھے جس کا مقصد اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور غیر ملکی اداروں کو ریاستی اثاثوں کی فروخت میں سہولت فراہم کرنا تھا، اس طرح آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پر پاکستان کا انحصار کم ہونا تھا۔
مقامی انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے کہ وہ 2035 تک تمام موجودہ اسپیشل اکنامک زونز کی مراعات کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اس مالی سال کے آخر تک ایک منصوبہ تیار کرے گا۔
توقع ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کی امنگوں خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے کے نفاذ سے متعلق ضرورت پر شدید اثر پڑے گا۔
جمعہ کو جاری ہونے والی آئی ایم ایف کے عملے کی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اگر محصولات میں طے شدہ ہدف کے ایک فیصد سے زیادہ کمی آتی ہے تو اتحادی حکومت منی بجٹ متعارف کرائے گی۔
منی بجٹ میں پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والوں، ٹھیکیداروں، مشینری اور خام مال کی درآمدات پر اضافی ٹیکس شامل ہوں گے اور مشروبات پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھائی جائے گی۔
آئی ایم ایف کی تفصیلی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو اب زرعی امدادی قیمتیں مقرر کرنے اور سبسڈی فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
مزید برآں، اس ماہ کے آخر تک، صوبوں کو اپنے زرعی انکم ٹیکس قوانین میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
انگریزی روزنامے کے مطابق، پاکستان نے سات ارب ڈالر کے بدلے آئی ایم ایف کی تقریباً 40 شرائط قبول کی ہیں۔ ان میں سے بہت سی اصلاحات کا مقصد سرکاری اداروں کے مالی نقصانات کو روکنا، اشرافیہ کی معیشت پر گرفت کو روکنا اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
تاہم، کچھ شرائط کے زریعے عوام پر غیر ضروری دباؤ ڈالے جانے کا امکان ہے اور کچھ اداروں کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان دراڑوں کو مزید گہرا کر سکتی ہیں۔
یہ تحریری وعدے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے ہیں۔
تمام شرائط میمورنڈم برائے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں (MEFP) میں درج ہیں، جس پر محمد اورنگزیب اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے ہیں۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ای) کے اصلاحاتی ایجنڈے میں پیش رفت بشمول فروری 2023 میں ایس او ای ایکٹ کا نفاذ، ساختی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معیشت کی ساختی تبدیلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کے باوجود ناکافی ثابت ہوئے ہیں۔
آئی ایم ایف کے مطابق ، ’خودمختار دولت فنڈ کے قیام اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے قیام کے بارے میں، عملے نے سرمایہ کاری کے ماحول کے حوالے سے ایک برابری کے میدان کو یقینی بنانے اور گورننس کے معیارات میں کمی سے بچنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے‘۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنا باقی ہے۔
آئی ایم ایف کے خدشات کے جواب میں، وزیر خزانہ نے ٹیکس یا سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے ایس آئی ایف سی کے اختیارات کو محدود کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی ہے اور ایس آئی ایف سی کے فیصلوں کے جوابدہی کا وعدہ کیا ہے۔
حکومت نے کہا کہ، ’ایس آئی ایف سی کے آپریشنز کے لیے بہترین شفافیت اور جوابدہی کے طریقوں کا ایک سیٹ بھی قائم کیا جائے گااور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت کی جانے والی تمام سرمایہ کاری معیاری پبلک انویسٹمنٹ مینجمنٹ فریم ورک سے نتائج حاصل کرے‘۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان کے طے شدہ سہ ماہی اہداف میں ایک فیصد کمی ہوتی ہے تو حکومت منی بجٹ لائے گی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ریفنڈز روکنے اور ایڈوانس لینے کے باوجود پہلی سہ ماہی کا ہدف 90 ارب روپے کمی سے حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ شارٹ فال قابل اجازت حد سے 63 ارب روپے زیادہ تھا۔
اس کے نتیجے میں حکومت منی بجٹ لائے گی۔ اس سے مشینری کی درآمد پر ایڈوانس انکم ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ ہو گا تاکہ اضافی 24 ارب روپے اکٹھے ہو سکیں۔ صنعتوں کے خام مال کی درآمد پر ایڈوانس انکم ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ ہو گا تاکہ سالانہ 42 ارب روپے اکٹھے ہوں اور کمرشل امپورٹرز کی خام مال کی درآمد پر ایڈوانس انکم ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کر کے 12 ارب روپے سالانہ حاصل کئے جائیں گے۔
حکومت نے 12 ارب روپے سالانہ حاصل کرنے کے لیے سپلائیز پر ود ہولڈنگ ٹیکس ایک فیصد بڑھانے، 6 ارب روپے اضافی سالانہ ریونیو کے لیے سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں ایک فیصد اضافے اور مزید 6 ارب روپے کے معاہدوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کرنے کا عزم کیا ہے۔
حکومت نے 28 ارب روپے سالانہ اکٹھا کرنے کے لیے ایریٹڈ اور شوگر ڈرنکس پر ایکسائز ڈیوٹی میں 5 فیصد اضافہ کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی کہ ’ہم کھاد اور کیڑے مار ادویات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 5 فیصد اضافہ کریں گے۔‘ پاکستان ٹیکس معافی نہیں دے گا، اور کوئی نیا ترجیحی ٹیکس ٹریٹمنٹ بشمول چھوٹ، زیرو ریٹنگ، ٹیکس کریڈٹس، تیز فرسودگی الاؤنسز، یا خصوصی شرح جاری نہیں کرے گا۔
حکومت کسی بھی ایسے اخراجات کے لیے پارلیمنٹ سے قبل از وقت منظوری بھی حاصل کرے گی جو بجٹ میں شامل نہیں ہیں یا جو مختص بجٹ سے زیادہ ہیں۔
جاری کردہ دستاویز میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پانچوں حکومتوں کو ستمبر 2024 تک قومی مالیاتی پر دستخط کرنے کی ضرورت تھی۔
تحریری مواصلات کے مطابق، ’چاروں صوبوں نے اپنے زرعی انکم ٹیکس کے نظاموں میں ترمیم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ وہ ضروری قانون سازی کی تبدیلیوں کے ذریعے، اکتوبر 2024 کے آخر تک وفاقی ذاتی آمدنی اور کارپوریٹ انکم ٹیکس کے نظاموں کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہو سکیں‘۔
دستاویز میں مزید کہا گیا کہ ہر صوبہ یکم جنوری 2025 سے اس نئے نظام کے تحت زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانا شروع کر دے گا۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ عہد کیا کہ ’ہم مالی سال 2026 کے آخر تک زرعی اجناس کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کی قیمتوں کے تعین کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں‘۔
حکومت 2025 کے خریف فصل کے سیزن کے لیے توقعات طے کرنے اور رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے، ستمبر 2024 کے آخر تک منتقلی کے انتظامات کے لیے اپنی حکمت عملی ترتیب دے گے۔
ایک اور شرط کے مطابق، پاکستان آئی ایم ایف کے عملے کے ساتھ ستمبر کے آخر تک وفاقی حکومت کے اقدامات کے اثرات کی تفصیل کے ساتھ ایک رپورٹ شیئر کرے گا۔ تاہم قومی مالیاتی معاہدے میں محکموں کی تحلیل کو مشترکہ مفادات کونسل میں اتفاق رائے کے حصول سے جوڑا گیا ہے۔
پاکستان فروری 2025 تک سول سرونٹ ایکٹ میں ترمیم کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اعلیٰ سطح کے سرکاری اہلکاروں کے اثاثوں کے اعلانات بشمول ان کے اور ان کے خاندان کے کسی فرد کے اثاثے ڈیجیٹل طور پر فائل کیے جائیں اور ایف بی آر کے ذریعے عوامی طور پر قابل رسائی ہوں، جس کے لیے ایک مضبوط فریم ورک بنایا جائے۔
پاکستان جولائی 2025 تک مکمل گورننس اور بدعنوانی کی تشخیص کی رپورٹ بھی شائع کرے گا۔ ساتھ ہی جنوری 2025 تک غیر مشروط کیش ٹرانسفر کی سالانہ افراط زر کی ایڈجسٹمنٹ کو نافذ کرے گا۔
پاکستان کو اکتوبر 2024 تک بینک کی قرارداد اور ڈپازٹ انشورنس قانون سازی میں ترامیم کی پارلیمانی منظوری بھی حاصل ہو جائے گی، جس سے اکتوبر 2024 تک قانونی ترامیم کے مسودے کی سالمیت برقرار رہے گی۔
حکومت کم سرمایہ والے نجی بینکوں کو قرارداد کے تحت رکھے گی جب تک کہ اکتوبر 2024 کے آخر تک ان بینکوں کو مکمل طور پر دوبارہ سرمایہ کاری نہ کر دی جائے۔
پاکستان دو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو نجکاری اور رعایتی لین دین کے لیے تیار کرنے کے لیے درکار تمام پالیسی اقدامات جنوری 2025 تک مکمل کر لے گا۔ جنوری 2025 تک گیس کے شعبے میں کیپٹیو پاور کے استعمال کو ختم کیا جائے گا۔ پاکستان نے پہلے ہی اکتوبر 2023 میں اندرون ملک بجلی کی پیداوار کے لیے گیس ٹیرف کو 1,200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر فروری 2024 میں 2,750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیا ہے۔
پاکستان 15 فروری 2025 تک گیس ٹیرف کی نیم سالانہ ایڈجسٹمنٹ sy بھی مطلع کرے گا، اور یہ کہ گیس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں درآمدی آر ایل این جی کی لاگت شامل رہے گی۔
پاکستان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ دسمبر 2024 تک خودمختار دولت فنڈ ایکٹ میں ترمیم کرے گا تاکہ بین الاقوامی معیارات اور اچھے طریقوں پر عمل کرتے ہوئے مناسب گورننس میکانزم اور تحفظات کو اپنایا جا سکے۔
یہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ خودمختار دولت فنڈ (ایس ڈبیو ایف) کی ملکیت کے تحت ایس او ایز ایکٹ کے گورننس ڈھانچے کی طرف لوٹ جائیں۔
پاکستان کے عزم کے مطابق، خودمختار دولت فنڈ کی تعریف سرکاری ملکیتی ادارے کے طور پر کی جائے گی اور قانونی ترامیم اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ اثاثوں کی نجکاری یا فروخت اور اس کی خریداری کے عمل کھلے، مسابقتی، شفاف اور غیر امتیازی اصولوں پر مبنی ہوں۔
ایس ڈبلو ایف کے بورڈ اور ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران کی تقرری شفاف، میرٹ پر مبنی اور شراکتی عمل کے ذریعے کی جائے گی تاکہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور آزادی کو غیر سرکاری اور نجی اثر و رسوخ سے محفوظ رکھا جا سکے۔
پاکستان ایس ڈبلیو ایف ایکٹ کے سیکشن 50 میں ترمیم کرے گا تاکہ واضح طور پر یہ قائم کیا جا سکے کہ ایس ڈبلیو ایف کی ملکیت والے سرکاری ملکیتی ادارے ایس او ای ایکٹ اور ایس ای او پالیسی کے تابع ہوں اور ایس ڈبلیو ایف کے ایس او ای کی ملکیت کے افعال کو منظم کرنے اور چلانے کے لیے کسی بھی ضروری اضافی ترامیم کے لیے ایک ہولڈنگ ادارے کے طور پر مناسب نگرانی کے نظام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مالیاتی تحفظات کو مضبوط بنانے کے لیے، پاکستان اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مناسب مالی تحفظات موجود ہوں، بشمول یہ تقاضا کرتے ہوئے کہ ایس ڈبلیو ایف کی کارروائیوں سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی براہ راست حکومت کو فراہم کی جائے اور ایس ڈبلیو ایف کے پاس نہ رکھے۔ اور یہ کہ ایس ڈبلیو ایف کے اثاثے کسی بھی عوامی ادارے کو قرضہ فراہم کرنے کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔
ایس ڈبلوی ایف ایکٹ پر عمل درآمد اور کوئی بھی دوسری کارروائی جس کا مقصد ایس ڈبلیو ایف کو اس کے آپریشن کے لیے تیار کرنا ہے، مذکورہ بالا اصلاحات کے مکمل ہونے کے بعد ہی انجام دی جائے گی۔