بھارت کی ریاست گجرات کے معروف رجواڑے (princely state) جام نگر کے مہاراجہ جام صاحب آف نوا نگر نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اجے جاڈیجا کو جام نگر کا ولی عہد مقرر کیا ہے۔ اجے جاڈیجا نے ولی عہدی قبول کرلی ہے۔
اس حوالے سے جام صاحب آف نوا نگر شترو سلیا سنگھ جی دِگ وجے سنگھ جی نے گجراتی زبان میں خصوصی فرمان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ولی عہدی قبول کرنے پر اجے جاڈیجا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مہاراجہ جام صاحب آف نوا نگر نے اپنے فرمان میں امید ظاہر کی ہے کہ اجے جاڈیجا جام نگر کی ’ریاست‘ کے لوگوں کی بہبود کے لیے ان تھک محنت کریں گے۔
اجے جاڈیجا نے 1992 سے 2000 تک بھارتی کرکٹ ٹیم میں نمایاں حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اس دوران وہ نائب کپتان کے منصب پر بھی فائز رہے۔
اجےجاڈیجا کا کریئر اُس وقت ختم ہوگیا جب اُن پر میچ فکسنگ کا الزام لگا اور اُن پر پابندی عائد کردی گئی۔ اُن کے ساتھ ساتھ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
دہلی ہائی کورٹ نے 2003 میں پابندی ہٹادی تھی مگر اجے جاڈیجا نے کرکٹ کی دنیا میں واپس آنے کو ترجیح نہیں دی۔ اِس کے بعد انہوں نے آئی پی ایل کی متعدد ٹیموں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور حال ہی میں انہوں نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی بھی کوچنگ کی ہے۔