Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2024 11:44pm

کراچی میں آئل ریفائنری کی لائن لیک ہوگئی

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر میں نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (این آر ایل) کی زیر زمین پائپ لائن لیک ہونے سڑک پر تیل پھیل گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور خیابان سحر کی متاثرہ شارع اور اطراف کی تمام گلیوں کو سیل کردیا گیا، جب کہ لیک پائپ لائن کی مرمت کے لیے متعلقہ حکام آگاہ کردیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ تقریباً 7 بجے کے قریب کورنگی سے ناردرن بائی پاس کراچی جانے والی این آر ایل کی زیر زمین تیل کی پائپ لائن اسٹریٹ 25 خیابانِ سحر، فیز ٹو میں لیک ہوئی، جس کے نتیجے میں تیل مین روڈ پر بہنے لگا۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

سینئر پولیس افسر نے کہا کہ آس پاس کی تمام گلیوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور متعلقہ حکام کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسد رضا نے کہا کہ واقعے کی اصل وجہ صحیح طور پر متعلقہ حکام کے ذریعے ہی معلوم ہوسکتی ہے لیکن انہوں نے اس امکان کی طرف اشارہ کیا کہ کسی چیز کے دباؤ کی وجہ سے پائپ لائن کو نقصان پہنچا ہو۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جب کہ پولیس کی بھاری تعیناتی کے علاوہ فائر بریگیڈ اور رینجرز کے اہلکار بھی وہاں موجود ہیں۔

Read Comments