Aaj Logo

شائع 11 اکتوبر 2024 09:25pm

جنوبی لبنان اور بیروت پر بمباری جاری، حزب اللہ کمانڈر سمیت 25 شہید

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعوٰی کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں جمعہ کو ایک فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کی القدس فورس کے اینٹی ٹینک میزائل یونٹ کے ایک کمانڈر عریب الشوغہ کو شہید کردیا۔ یہ کارروائی جنوبی لبنان کے علاقے میس الجبل میں کی گئی۔

بیروت میں ایک عمارت اسرائیلی حملے میں مکمل تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 23 افراد شہید ہوئے۔ دن بھر جاری رہنے والے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 25 رہی۔ اسرائیلی طیاروں نے ایک حملے میں حزب اللہ کے سیکیورٹی انچارج اور تعلقاتِ عامہ کے سربراہ وافق صفا کو بھی نشانہ بنانے کی۔ وہ بال بال بچ گئے۔

اسرائیلی اخبارات اور ویب سائٹس نے بتایا ہے کہ شمالی اسرائیل کے علاقے راموت نفٹالی پر اینٹی ٹینک میزائلوں سے حملوں میں عرب الشوغہ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

جمعہ کی صبح شمالی اسرائیل کے شہر کبوز طیرون پر ایک اینٹی ٹینک میزائل حملے میں ایک غیر ملکی محنت کش مارا گیا۔ علاقہ کئی بار حماس اور حزب اللہ کے داغے ہوئے میزائلوں کا نشانہ بنا ہے۔

جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ایک مبینہ ٹھکانے پر حملے کے نتیجے میں کئی دھماکے سُنائی دیے۔ اسرائیلی فوج کا دعوٰی ہے کہ اس جگہ حزب اللہ نے اسلحہ اور گولا بارود چھپا رکھا تھا۔

جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نقلِ مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک بارہ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ ان میں پچاس ہزار سے زائد نے اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لیے شام میں پناہ لی ہے۔ لبنان اور شام کے درمیان آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی شاہراہ کو اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے کئی بار نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں یہ کئی مقامات پر شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

Read Comments