Aaj Logo

شائع 10 اکتوبر 2024 11:23pm

سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور سہیل سلطان نااہلی کیس، سماعت 21 اکتوبر کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن اف پاکستان نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو (سندھ) اور ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان (خیبر پختون خواہ) کا کیس 21 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

سینیٹرسیف اللہ ابڑو اور ایم این اے سہیل سلطان کی نااہلی کے ریفرنس کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں ریفرنسز کی سماعت 21 اکتوبر کو ہوگی۔

ایم این اے سہیل سلطان کے خلاف نصراللّٰہ خان کی درخواست کی سماعت ہوگی، سہیل سلطان کے خلاف آرٹیکل 62 ،63 کےتحت نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کے خلاف سینیٹر شہادت اعوان کے نااہلی ریفرنس کی سماعت ہوگی۔ سیف اللّٰہ ابڑو کےخلاف آرٹیکل 63 ٹو کے تحت نااہلی ریفرنس کی سماعت ہونا ہے۔

سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کو نااہل کرنے کیلئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوادیا گیا۔

یوسف رضا گیلانی نے نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا

سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کی نااہلی کا ریفرنس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا، جس میں کہا گیا کہ زیر التو نیب ریفرنس کے ہوتے ہوئے سیف اللّٰہ ابڑو ٹیکنوکریٹ سیٹ کیلئے مطلوب تقاضوں پر پورا نہیں اُترتے۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ زیر کفالت لوگوں، زرعی آمدن اور اثاثوں کے بارے میں حلف نامے میں فراہم کردہ معلومات گمراہ کن ہیں، کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں اپنے بچوں کی ملکیت والی زرعی اراضی کو چھپایا۔

سیف اللّٰہ ابڑو نے ٹیکس گوشواروں میں اصل زرعی آمدنی کو پوشیدہ رکھا، کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے غیر واضح رسیدیں جمع کروائیں، یہ الزامات ثابت ہوجائیں تو آرٹیکل 63 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت نااہلی کےمترادف ہوسکتے ہیں، سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کے سینیٹ کی رکنیت کیلئے نااہل ہونے کے حوالے سے ایک سوال بھی پیدا ہوا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آرٹیکل 63 (2) کے تحت میں یہ سوال آرٹیکل 63 کی شق (3) کے تحت الیکشن کمیشن کو دیتا ہوں، الیکشن کمیشن فیصلہ کرے کہ کیا سینیٹرسیف اللّٰہ ابڑو سینیٹ کی رکنیت کیلئے نا اہل ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی طرف سے بھیجا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا۔

Read Comments