Aaj Logo

شائع 10 اکتوبر 2024 07:42pm

غلط خبر پر برطانوی ٹی وی شرمندہ، معافی مانگ لی

برطانوی ٹی وی (بی بی سی) نے موسم کی ایک غلط خبر نشر کرنے پر شرمندگی کے اظہار کے ساتھ معافی مانگ لی ہے۔ اعداد و شمار میں غلطی کے باعث ایسا ہوا۔ برطانیہ کے کئی شہروں کی موسمی کیفیت کے بارے میں غلط خبر چل گئی۔

بی بی سی نے اپنی ویب سائٹ پر اس خبر کا حوالہ دیتے ہوئے تمام یوزرز سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔

غلط خبر ویب سائٹ پر بھی چلی اور ایپ پر بھی۔ یہ خبر انتہائی نوعیت کی موسمی کیفیت سے متعلق تھی۔

جو لوگ موسم کے بارے میں جاننا چاہتے تھے اُن کے سامنے غلط پیش گوئی رکھی گئی۔ لندن میں طوفانی ہواؤں کی بھی بات شامل تھی۔

ہوا کی رفتار 21739 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی اور ناٹنگم کا درجہ حرارت 404 سیلسیس بتایا گیا۔

بہت سے لوگوں نے ویب سائٹ سے رابطہ کرکے غلطی کی نشاندہی کی تو ادارے نے اپنی غلطی پر فوری معافی مانگ لی۔ ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آپ نے بھی غلطی محسوس کی ہوگی۔ ہم تصحیح کر رہے ہیں۔

بی بی سی کی سینیر جرنلسٹ کیرول کرکوُڈ نے بھی جمعرات کی صبح موسم کی کیفیت اور پیش گوئی سے متعلق پروگرام میں اس مسئلے کا ذکر کیا اور وضاحت پیش کی۔

Read Comments