ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائیریکٹرز (ایمنڈ) نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ٹی وی چینلز کو دئیے گئے نوٹسز کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
ایمنڈ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ یہ نوٹس میڈیا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے، ٹی وی چینلز کو پیمرا کی جانب سے مسلسل پابندیوں کے احکامات کا سامنا ہے۔
ایمنڈ نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعے کو بنیاد بنا کر چینلز کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے گئے، ان نوٹسز کا مقصد غیر قانونی سینسرشپ کا اطلاق ہے۔
ایمنڈ کا کہنا ہے کہ چینلز نے کراچی واقعے کی انتہائی ذمہ دارانہ کوریج کی، اور اس دوران قوانین، قومی و معاشرتی مفاد اور ضابطہ اخلاق کا خیال رکھا، حکومتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مؤقف عوام تک پہنچایا، ٹریفک کی روانی اور بندش سے متعلق بھی ناظرین کو آگاہی دی۔
ایمنڈ نے کہا کہ ان معلومات کو عوام تک پہنچانا میڈیا کا فرض اور عوام کا حق ہے۔
ایمنڈ کا مزید کہنا ہے کہ کوئی بھی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر نہیں، کسی چینل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو اسے قانون کے مطابق دیکھا جاسکتا ہے، لیکن تمام چینلز کو نوٹس جاری کرنا بدنیتی کا عکاس اور ناقابل قبول ہے۔
ایمنڈ نے عدالتوں سے رجوع کرنے سمیت تمام آپشن پر غور کا عندیہ بھی دیا۔