Aaj Logo

شائع 09 اکتوبر 2024 01:47pm

پولیس اختیارات کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس کے اختیارات میں کمی کا فیصلہ کرلیا تاہم حکومت نے پولیس میں ترامیم تیار کرلی، مجوزہ ترامیم کی منظوری آج کابینہ اجلاس میں دی جائے گی۔

خیبر پختونخوا حکومت پولیس ایکٹ میں ترامیم لا کر پولیس کے اختیارات میں کمی لا رہی ہے جو 2017 میں پرویز خٹک دور حکومت میں تفویض کیے گئے تھے۔

خیبر پختونخوا کے آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں ترامیم کی منظوری دی جائے گی، جسے آج ہی اسمبلی میں پیش کرنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں پولیس ایکٹ میں ترامیم ایجنڈے میں شامل ہیں، ترامیم کی منظوری سے خیبر پختونخوا میں آئی جی پی سے اعلیٰ پولیس افسران کی تقرری و تبادلوں اور ان کو جزا و سزا دینے کا اختیار واپس لے لیا جائے گا جو کہ 2017 میں پرویز خٹک دور حکومت میں دیا گیا تھا، ترامیم کی منظوری سے یہ اختیارات واپس وزیر اعلی کے پاس چلے جائیں گے ۔

سولہ نکاتی کابینہ ایجنڈے میں صوبائی زکوہ کونسل کی تشکیل، اسلحہ لائسنس ایکٹ اور لاء افسروں کی تقرری ایکٹ میں بھی ترامیم زیر غور آئیں گی۔

کابینہ خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دے گی، جیلوں میں خوراک کی فراہمی اورتوانائی کے 5 منصوبوں کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ صوبائی کابینہ اجلاس میں دیگر اہم امور کی منظوری بھی شامل ہیں۔

Read Comments