Aaj Logo

شائع 08 اکتوبر 2024 11:15pm

بنگلہ دیشی کرنسی سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹانے کا فیصلہ

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے 20، 100، 500 اور 1000 ٹکہ کے کرنسی نوٹوں میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے جلد ہی بنگلہ دیش کی کرنسی پر سے ”بونگ بوندھو“ شیخ مجیب الرحمان کی تصاویر ہٹا دی جائیں گی۔

بنگلہ دیش کی وزارت خزانہ اور مرکزی بینک نے اس فیصلے کی توثیق کردی۔

ابتدائی طور پر، صرف چار نوٹوں کو دوبارہ ڈیزائن کیا جائے گا، لیکن حکام نے کہا کہ تمام نوٹوں میں تبدیلیاں مرحلہ وار ہوں گی۔

29 ستمبر کو بنگلہ دیشی وزارت خزانہ کے ایک خط میں بنگلہ دیش بینک کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ نئے نوٹوں کے لیے تفصیلی ڈیزائن کی تجاویز پیش کرے۔

مرکزی بینک کی کرنسی اور ڈیزائن ایڈوائزری کمیٹی ان تبدیلیوں کا جائزہ لینے اور سفارش کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹانے کے فیصلے کو شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے دور میں ماضی کے طرز عمل سے علیحدگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں کئی نوٹوں اور یہاں تک کہ سکوں پر بھی ان کی شبیہ نمایاں تھی۔

فی الحال، 2 ٹکہ سے لے کر 1000 ٹکہ تک کے کاغذی نوٹوں پر شیخ مجیب الرحمان کی تصویر موجود ہے۔

Read Comments