Aaj Logo

شائع 08 اکتوبر 2024 05:42pm

فتنتہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا

فتنتہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا، فتنتہ الخوارج نےپشتون قومی عدالت کی حمایت میں ضلع خیبر میں 5 روزہ فائر بندی کا اعلان کر دیا۔ فائر بندی 9 سے 13 اکتوبر تک عمل پذیر ہو گی۔ وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سب چیزوں کےثابت ہونے کے بعد پی ٹی ایم پرپابندی لگائی گئی ہے۔

کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر2024 کوشرانگیزی کی غرض سے ضلع خیبر میں نام نہاد“پشتون قومی عدالت“ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا۔

کالعدم پی ٹی ایم کی سرگرمیاں بظاہر پشتون عوام کے حقوق کی جنگ ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، غیور پشتون قبائل میں ریاست مخالف نظریات اور نفرت کا بیج بونے والی کالعدم پی ٹی ایم فتنتہ الخوارج کا سیاسی روپ ہے

فتنتہ الخوراج کا قیام نام نہاد شریعت کے نفاذ پر ہوا مگر جاری کردہ اعلامیہ میں اسی زبان کا استعمال کیا گیا ہے جو کالعدم پی ٹی ایم کرتی آئی ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوراج کے اعلامیہ میں پی ٹی ایم اور اس کے نام نہاد منشور کے مطابق زبان اور الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے جو کہ ان کے گٹھ جوڑ کو ثابت کرتا ہے۔

فتنتہ الخوراج کی جانب سے پشتون علاقوں کو گزشتہ دو دہائیوں سے آگ اور خون میں نہلایا گیا جبکہ ان کے جاری اعلامیہ میں مظلومیت کا تاثراور پاکستان کی مسلح افواج پر کیچڑ اچھالا گیا۔

دفاعی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج کا5 روزہ فائر بندی کا اعلان دراصل معصوم پشتون اقوام میں اپنے لئے ہمدردی جگانے کی ناکام کوشش ہے، اری اعلامیہ میں مجبوراً اسلحہ اٹھانے کی بات تاریخی طور مکمل جھوٹ ہے کیونکہ فتنتہ الخوراج کا قیام دراصل پاکستان دشمن قوتوں کی فنڈنگ اور سہولت کے ذریعے ہوا جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ کالعدم پی ٹی ایم دراصل فتنتہ الخوراج کا ہی دوسرا روپ ہے جن کے نظریات ریاست مخالف ایجنڈے پر مبنی ہیں، فتنتہ الخوراج عوام میں اپنی تشہیر کرنے سے قاصر ہے اور کمزور ہو چکی ہے لہٰذا کالعدم پی ٹی ایم نے پشتون کارڈ کے ذریعے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی ہے

دفاعی ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فتنتہ الخوراج کا کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں بیان واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں انتشار پھیلانے کیلئے دونوں تنظیموں کو دشمن ممالک کی سہولت کاری حاصل ہے کیونکہ دہشتگردوں کی جانب سے خیبرپختونخوا میں جاری خونریزی اور بربریت کیخلاف آج تک منظورپشتین نے نہ ہی کوئی مذمتی بیان دیا اور نہ ہی احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انھوں نے کہا کہ پختونخوا میں فساد برپا کرنے والی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف جہاں سکیورٹی فورسز نبرد آزما ہے وہاں پی ٹی ایم مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر ان دہشتگردوں کی حمایت کر رہی ہے۔ فتنتہ الخوراج کی جانب سے کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں جاری کردہ اعلامیہ پاکستان کے خلاف دونوں کے گٹھ جوڑ پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم نے پاکستان کے جھنڈے کو نذرآتش کیا، پختونوں نے پاکستان کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے، پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کا لبادہ اوڑھ دہشتگردوں سے رابطے رکھے گئے سب چیزوں کےثابت ہونے کے بعد پی ٹی ایم پرپابندی لگائی گئی۔

عطاتارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو انگیج کر کے ذہرقاتل نظریہ بنایا جارہا ہے، جو پارٹی پی ٹی ایم سے جوائنٹ اکاؤنٹ کھولے گی یا پروموٹ کرے گی اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، پاکستان مخالف بیانیے کیلئے فنڈنگ کی گئی، حقیقات ہورہی ہے کہ یہ فنڈز کہاں سے آرہے تھے۔

عطاتارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایبیسیز پر حملوں میں افغان باشندے ملوث پائے گئے، پی ٹی ایم کے کالعدم ٹی ٹی پی سے بھی روابط تھے۔

انھوں نے کہا کل آل پارٹیز کانفرنس میں ساری جماعتیں شریک تھیں، افسوس کے ساتھ کل کانفرنس میں پی ٹی آئی شریک نہیں ہوئی، یہ لوگ اسرائیل کے خلاف کانفرنس میں آنے کو تیار نہیں تھے۔

Read Comments