لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کی نظر بندی ختم کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس محمد وحید خان نے سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے زرتاج گل کی نظر بندی فوری ختم کرنے اور رہائی کا حکم دے دیا، لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس محمد وحید خان نے حکم جاری کیا۔
زرتاج گل کو تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ڈی آئی خان سےحراست میں لیا گیا تھا اور ان کی نظربندی کے خلاف ان کے شوہر کی جانب سے عدالت میں پٹیشن دائر کی گئی تھی۔