کراچی میں دہشت گردی کے بعد پنجاب میں بھی چینی شہریوں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کہنا ہے کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور زیر غور آئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی۔
اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
ایئرپورٹ حملے میں ملوث دہشتگرد کے حوالے سے اہم انکشافات، تفتیش کا دائرہ کراچی سے بلوچستان تک وسیع
ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پراجیکٹس سائٹ سمیت تمام متعلقہ مقامات پر تعینات نفری ہائی الرٹ رہے، چینی انسٹالیشنز پر سی سی وی کیمروں، داخلی و خارجی راستوں، باؤنڈری والز اور مورچوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سی پی او آفس میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں چائنیز کی رہائش گاہوں، نقل و حرکت اور سفر کو محفوظ تر بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت میں قائم قونصل خانوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں چینی شہریوں، چائنیز انسٹالیشن کی انتظامیہ، فوکل پرسنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں، ایس پیز چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں کی باقاعدگی سے چیکنگ یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ ورکنگ سائٹس اور دفاتر کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں، چینی باشندوں کی حفاظت کیلئے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، کاروباری یا نجی مقاصد کے لیے آنے والے چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس پی یو کے تربیت یافتہ اہلکار چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے فرائض پوری فرض شناسی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں، غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے تمام اداروں کو مکمل الرٹ رہنے اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کر دی۔
کراچی دھماکے کے سہولتکاروں کی شہر میں موجودگی کا انکشاف، کارروائیوں میں 5 گرفتار
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے پیش نظر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب حکومت اور تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، فارن نیشنلز کی سیکیورٹی کے لیے تمام پروٹوکولز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایس پی یو، سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے انٹیلیجنس شیرنگ ایس او پیز پر عمل کریں، شرپسندوں کو شکنجے میں لانے کے لیے مؤثر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جائیں۔
اجلاس میں تمام نجی ہوٹلز کے لیے ہوٹل آئی سافٹ وئیر سے منسلک ہونا لازم قرار دی گئی۔