پی ٹی آئی رہنما احسن فتیانہ کے وکیل نے تصدیق کیا ہے کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی بازیاب ہوکرگھر پہنچ گئے۔
احسن ریاض فتیانہ کے وکیل میاں علی اشفاق نے لاہور ہائیکورٹ کو بازیابی کےحوالے سے آگاہ کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح احسن فتیانہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
عدالتی حکم پر سی سی پی اولاہور نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ اغوا کےخلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ قانونی کاروائی کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو کیس کی پیروی کریں۔ بعدازاں عدالت نے سی سی پی او کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار کےوکیل میاں علی اشفاق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ احسن فتیانہ کو صبح ساڑھے 3 بجے گھرسے جبری لاپتہ کیا گیا، پولیس اور ایف آئی اے نے مشترکہ چھاپہ مارا، احسن فتیانہ کو ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔