غزہ کے باشندوں کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا ایک سال مکمل ہونے پر پیر کو ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک زوردار دار بم دھماکا ہوا۔ دھماکا ایک رہائشی عمارت کے سامنے ہوا جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں میں شیشے ٹوٹ گئے۔
اس دھماکے سے کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو بھی کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک دھماکے کے علاوہ فائرنگ بھی ہوئی تھی۔
کوپن ہیگن پولیس کی انسپکٹر ٹرائن مولر نے بتایا کہ دونوں دھماکوں کے درمیان تعلق کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ 2 اکتوبر کے دھماکے اور فائرنگ کے سلسلے میں سوئیڈن کے تین باشندوں کو تحویل میں لیا گیا تھا۔
کسی بھی وقت نشانہ بنائے جانے کے خدشے کے پیشِ نظر دنیا بھر میں اسرائیلی سفارت خانوں کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ بہت سے ممالک میں اسرائیلی سفارت کاروں کی سرگرمیاں بھی محدود کردی گئی ہیں۔