وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے بٹگرام سب جیل میں زیر حراست لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ سب جیل بٹگرام شہریار کو عہدے سے ہٹا کر معطل کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق شفاف انکوائری کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ہزارہ ڈویژن اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ پر مشتمل ہے۔
کمیٹی دو دنوں میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی روشنی میں زیادتی کے مبینہ واقعے کے مرتکب عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مبینہ واقعے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ لڑکی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔