اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر رواں ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 4 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر رواں ہفتے کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
تحریری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایف آئی اے آئندہ سماعت تک درخواستِ ضمانت پر جواب جمع کروائے۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں لکھا کہ پٹیشنر کے وکیل کے مطابق ٹرائل کورٹ کو بتایا گیا کہ اسی نوعیت کے ریفرنس میں پہلے بھی سزا ہو چُکی ہے اور ٹرائل کورٹ نے اسی بنیاد پر ضمانت مسترد کر دی تھی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ٹرائل کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا، عدالت میں بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر خدیجہ صدیقی، خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ پیش ہوئے تھے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں پی ٹی آئی وکیل کی کیس ملتوی کرنے کی درخواست منظو کرتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا
احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے جوڈیشل کمپلیکس میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی وکیل مرتضیٰ طوری نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اڈیالہ جیل میں سماعت کے لیے صورتحال غیرمعمولی ہے، سیکیورٹی الرٹ ہائی اور شنگھائی کانفرنس بھی شیڈول ہے، استدعا ہے سماعت 17 اکتوبرتک ملتوی کی جائے۔
عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔