Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2024 01:22am

کراچی ائیرپورٹ کے باہر زوردار دھماکے میں 2 ہلاک 8 زخمی، غیرملکی نشانہ تھے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی ائیرپورٹ کے باہر زور دار دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے وزیر داخلہ سندھ ضیا النجار نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکہ غیر ملکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔

دھماکے کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل نظر آنے لگے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل سے باہر شارع فیصل کی طرف جانے والی سڑک پر رات 11 بجے کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی شدت کئی کلومیٹر دور گلشن حدید اور ڈیفنس کے علاقوں میں بھی محسوس کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا کہ دھماکہ ایک آئل ٹینکر پھٹنے سے ہوا ہے۔

تاہم وزیر داخلہ سندھ ضیا نجار نے آج نیوز کے اقتدار انور سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں غیر ملکیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی فٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو ئیں جبکہ درختوں کو بھی آگ لگ گئی۔

تباہ ہونے والی گاڑیوں میں چار رکشے، تین گاڑیاں اور جیپ شامل ہے، مجموعی طور پر آٹھ گاڑیوں میں آگ لگی۔

آج نیوز کے قیصر کامران نے بتایا کہ دھماکہ ایئرپورٹ سے باہر جانے والی سڑک پر اس جگہ ہوا جہاں وی آئی پی اپنے سیکیورٹی گارڈز کی گاڑیوں کو چھوڑتے ہیں۔ اس مقام پر عام شہریوں کے لیے رکشے بھی موجود ہوتے ہیں۔

اقتدار انور کے مطابق اس جگہ کو گھڑیال چوک کہا جاتا ہے اور اطلاعات ہیں کہ اتوار کے روز جب دھماکہ ہوا تو غیر ملکیوں کا ایک قافلہ ایئرپورٹ کے اندر تھا جبکہ ایک باہر تھا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کرکے ہدایت کی کہ حقائق سے فی الفور آگاہ کیا جائے۔ ایس ایس پی ملیر نے انہین بتایا کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

ریسکیو اداروں کے مطابق 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں اور زخمیوں میں ایک غیرملکی بھی شامل بتایا جاتا ہے۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے اندر تمام تنصیبات محفوظ رہیں اور کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

حکام کا کہنا تھا کہ فلائٹ آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔

Read Comments