محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 7 اکتوبر تک بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ کراچی میں آج مطلع صاف اور جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
موسم نے کروٹ بدل لی، بارش نے خنکی بڑھا دی، اسلام آباد، مری اور گلیات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کا درجہ حرارت مزید کم ہونے لگا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا جبکہ رات میں راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں چند مقامات پربرسات ہوگی جبکہ محکمہ موسمیات نے 7 اکتوبر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا تاہم رات کے اوقات میں کوئٹہ ، خضدار، ژوب ، لسبیلہ اور بارکھان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درجہ حرارت میں مزید کمی آگئی، وادی نیلم، اسکردو اور استور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
پنجاب خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جبکہ متعدد علاقوں میں ژالہ باری ہوئی، بارش سے حافظ آباد میں کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے پول گرگئے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا اسپیل 8 اکتوبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے اور ریسکیو اداروں بشمول 1122 کو مشینری اور عملے کے ساتھ الرٹ رکھا گیا ڈی جی پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کردیا، راولپنڈی میں 49 ملی میٹر، مری میں 25، جہلم میں 35، منڈی بہاؤوالدین میں 29، لاہور اور سیالکوٹ میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ شیخوپورہ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، سرگودھا اور نارووال میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
عوام تیاری کرلیں، ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے والی ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع صاف اور جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
کراچی:کم سے کم درجہ حرارت27.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 75 سے 85 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔