پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کا کچہ ماچھکہ کے علاقے موضع سکندر چاچڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اور ساجن ملوکانی کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے کلاشنکوف سمیت سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، مقابلے کے دوران ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد (گنے) کی فصل میں فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے ’ہارڈ ایریا الاؤنس‘ منظور
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن میں ایس ایچ او ماچھکہ جام اعجاز، ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ، انچارج سی آئی اے سیف اللہ ملہی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، نائٹ ویژن ٹیلی اسکوپس اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ کچہ کریمنلز کے خلاف پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس ایریا کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔
پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے ایک ہی دن میں دہشت گردوں کا دوسرا حملہ بھی ناکام بنادیا۔
تھانہ مکڑوال میانوالی پولیس کو آج دن میں ملاخیل دربار خاصہ بابا کے علاقے میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی، دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ میں پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ایلیٹ فورس ٹیموں کے ہمراہ فوری علاقے میں پہنچے، سرچ آپریشن شروع کیا گیا، پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق علاقے میں سرچ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، پولیس و سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لے کر جوابی فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
میانوالی: پولیس نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، ایک جوان زخمی
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی پی او میانوالی، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی سرکل عیسیٰ خیل سمیت تمام پولیس افسران و اہلکار کراس فائرنگ میں محفوظ رہے۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔