Aaj Logo

شائع 05 اکتوبر 2024 05:45pm

رواں برس ’نوبل‘ کا امن انعام معطل کئے جانے کا امکان

عالمی سطح پر کشیدگی کے باعث رواں سال امن کے نوبیل انعام کو معطل کیے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

نوبیل انعام کا یہ ہفتہ ایسے میں شروع ہو رہا ہے جب 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کا ایک سال مکمل ہو جائے گا جس کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ادب اور سائنس کے انعامات پر شاید کوئی اثر نہ ہو مگر امن کے انعام کا اعلان، جو تنازعات ختم کرنے کی کوششوں کا اعتراف ہوا کرتا ہے، اس مرتبہ شاید ایسے ماحول میں نہ دیا جاسکے جب بین الاقوامی سطح پر تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈین اسمتھ کا کہنا ہے کہ ’میں دنیا کی طرف دیکھتا ہوں تو اتنے تنازعات، اتنی دشمنی اور اتنے تصادم نظر آتے ہیں کہ مجھے تو یہ بھی خیال آتا ہے کہ آیا اس سال امن کا نوبیل انعام روک لیا جائے‘۔

مشرقِ وسطیٰ کے پریشان کن واقعات کے علاوہ اسمتھ سوڈان کی جنگ اور وہاں قحط کے خطرے کی طرف بھی توجہ دلاتے ہیں۔ پھر یوکرین کا جاری تنازع اور ان کے انسٹی ٹیوٹ کی تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے عالمی سطح پر فوجی اخراجات میں تیز ترین اضافہ ہو رہا ہے۔

اسمتھ کہتے ہیں یہ انعام ایسے گروپوں کو جا سکتا ہے جو دلیرانہ کوششیں کر رہے ہیں مگر انہیں اہمیت نہیں دی جاتی۔

وہ کہتے ہیں کہ ’یہ رجحان ایک غلط سمت میں ہے لیکن اگر ہم اس سال امن کا انعام روک لیں تو شاید توجہ ان کی جانب مبذول کروا سکیں۔‘

دوسری جانب ہینرک اردل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اوسلو کے ڈائریکٹر کہتے ہیں کہ 2024 میں نوبیل امن انعام روکنا ایک غلطی ہوگی۔

ان کے مطابق ’ممکنہ طور پر یہ اب زیادہ اہم ہو گیا ہے کہ اس کے ذریعے امن کے لیے کیے جانے والے اہم کام کو فروغ دیا جائے۔‘

فری یونیورسٹی ایمسٹرڈیم کے ماہرینِ تعلیم کہتے ہیں کہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں قائم ایکو پیس، ویمن ویج پیس اور ویمن آف سن نامی تنظیموں کو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن کی کوششوں کے لیے نامزد کیا ہے۔

نوبیل انعام کی دیگر کیٹیگریز کے لیے پیر کے روز سے اعلانات شروع ہو جائیں گے، پہلا نوبیل انعام فزیالوجی یا میڈیسن کے لیے ہوگا، بعد کے دنوں میں فزکس، کیمسٹری، ادب اور امن کے نوبیل انعامات کا اعلان کیا جائے گا۔

جمعے کو امن کے نوبیل انعام کا اعلان اوسلو میں ناروے کی نوبیل کمیٹی کرے گی جبکہ باقی انعامات کا اعلان سٹاک ہوم میں رائل سویڈش اکیڈیمی آف سائنسز کرے گی۔

اکنامکس کے نوبیل انعام کا اعلان اس کے بعد آنے والے ہفتے ہیں 14اکتوبر کو کیا جائے گا۔

نئی ٹیکنالوجی ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت یا اے آئی کو بھی ایک یا زیادہ کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ امن کا نوبیل انعام روکنے کوئی نئی بات نہیں بلکہ ماضی میں 19 مرتبہ ایسا کیا جا چکا ہے جس میں عالمی جنگیں بھی شامل ہیں، آخری مرتبہ یہ انعام 1972 میں روکا گیا۔

Read Comments