ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چونکہ ایٹمی طاقت ہے اس لیے اسرائیلی فوجی پاکستان پر براہِ راست حملہ نہیں کرسکتی۔ یہی سبب ہے کہ اسرائیل پیٹ آئی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام روبرو میں میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ صیہونی لابیز پی ٹی آئی کو فنڈنگ کر رہی ہیں۔
ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ دارالحکومت پر یلغار کر رہا ہے۔ علی امین گنڈا پور کو چاہیے کہ ڈیرہ اسماعیل اور ٹانک کو دیکھیں جہاں رات کو گھر سے باہر قدم رکھنا ممکن نہیں۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ آج 2014 کا ری پلے ہو رہا ہے۔ 2014 میں چینی صدر پاکستان تشریف لارہے تھے۔ ان کا دورہ سبوتاژ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں سی پیک میں ایک سال کی تاخیر ہوگئی تھی۔ اب پھر پاکستان میں ایس سی او کانفرنس ہونے والی ہے۔
چین اور روس کے صدور کے علاوہ وسطِ ایشیا کی ریاستوں کے سربراہانِ مملکت و حکومت آرہے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک بڑا ایونٹ ہونے والا ہے۔ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے لیے بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ ملکی معیشت ریکوری کی طرف رواں ہے۔ مہنگائی سنگل ڈجٹ میں آچکی ہے۔ سرمایہ کاری کا گراف بلند ہو رہا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ مستحکم ہے۔ معاشی ترقی کے تمام انڈیکیٹرز مثبت چل رہے ہیں۔ یہ لوگ اس ریکوری کو برداشت نہیں کر پارہے۔ اِس عمل کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔
اس وقت ملک کو بگاڑ سے بچانا لازم ہے۔ ملک کو امن چاہیے۔ پالیسیوں کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے۔ یہ لوگ ترکی کی گلن تحریک جیسے ہیں۔
فتح اللہ گلن کا طریقِ واردات بھی یہی تھا کہ ہم خیال لوگوں کو اہم اداروں، بیورو کریسی، تعلیمی اداروں اور دیگر شعبوں میں نمایاں عہدوں پر پہنچاؤ اور پھر پورے سسٹم کو ہائی جیک کرلو۔
رجب طیب اردوان نے سختی سے کام لیتے ہوئے ایسے لوگوں کا صفایا کیا۔ ہمارے بھی سختی ہی دکھانا پڑے گی۔ ایک بار اِن کا قلع قمع کرنا پڑے گا ورنہ یہ وائرس ابھر ابھر کر ہمارے لیے مشکلات پیدا کرتا رہے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنا اسرائیل کا منصوبہ ہے۔ پی ٹی آئی کے ذریعے انتشار پھیلایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی والے اپنا ٹی اے ڈی اے بھی باقاعدگی سے اسمبلیوں سے لیتے ہیں۔ اگر احتجاج کرنا ہے تو اسمبلیوں سے مستعفی ہوں اور سڑکوں پر آئیں۔ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ دارالحکومت پر یلغار کر رہا ہے۔ افغان مہاجرین کی فوج لے کر دارالحکومت پر چڑھائی کی جارہی ہے۔