وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔ پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے اسرائیل کو ممکنہ عواقب کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔ وہ جانتا ہے کہ پاکستان سے پنگا لیا تو ایٹمی جنگ چھڑ جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ہم پر حملہ کر رہا ہے۔ سی پیک پر دستخط ہو رہے تھے تو بانی پی ٹی آئی حملہ آور ہوئے تھے۔
اب پھر ایس سی او اجلاس بلائے جانے پر احتجاج شروع کردیا گیا ہے۔ ان تانوں بانوں کو جوڑا جائے تو پاکستان کے خلاف سازش کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم ایک سیاسی معاملہ ہے۔ بہت کچھ کُھلتا جارہا ہے۔ اب عوام کو معاملات سمجھنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔
126 دن کے دھرنے کے بعد اب پھر احتجاج اور انتشار کی سیاست کی جارہی ہے۔ اہم ترین کانفرنس کے موقع پر انتشار پھیلایا جارہا ہے۔
ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل کا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی پورا کر رہے ہیں۔ پاکستان سے براہِ راست پنگا لینا اسرائیل کے بس کی بات نہیں۔
بانی پی ٹی آئی کو بروئے کار لاکر سازش پر عمل کیا جارہا ہے۔ اسرائیل جانتا ہے کہ پاکستان سے پنگا لیا تو ایٹمی حملہ ہوسکتا ہے۔
ایک ٹوئیٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے معیشت کو تباہ شدہ حالت میں چھوڑا تھا۔ ایک سال بھی نہیں ہوا اور ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے چھوڑے کھنڈرات پر نئی عالی شان عمارت تعمیر ہوگی۔ پی ٹی آئی کا رونا یہی ہے کہ موجودہ حکومت کو وقت مل گیا تو اس کا سیاسی جنازہ نکل جائے گا اور کوئی کاندھا دینے والا بھی نہ ہوگا۔