Aaj Logo

شائع 04 اکتوبر 2024 03:37pm

چین کی بے ہودہ رسم جس میں دلہن کو کھمبے سے باندھ دیا جاتا ہے

چین میں شادی کی ایک عجیب و غریب رسم سامنے آئی ہے جس میں نئی نویلی دلہن کو کھمبے پر ٹیپ سے باندھ دیا جاتا ہے، حیران کن طور پر یہ پورا عمل دولہا کے سامنے کیا جاتا ہے۔

چینی ویب سائٹ کے مطابق یہ ایک بہت پرانی رسم ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کے غم و غصے کو جنم دیا ہے۔

ویڈیو میں روایتی رسم کے تحت دلہن کو کھمبے سے باندھ کر دکھایا گیا ہے۔ مذکورہ ویڈیو نے شادی کے فرسودہ اور جارحانہ رسوم کے بارے میں ایک گرما گرم بحث کو جنم دیا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دلہن اپنے عروسی جوڑے میں ملبوس، مردوں کے ایک گروپ کی طرف سے کھمبے سے باندھی دی جاتی ہے۔ مدد کے لیے وہ پکارتی ہے مگر کوئی اسے بچانے نہیں آتا۔

اطلاعات کے مطابق، دولہن کو کھمبے سے باندھنے کی یہ رسم دولہا کے دوست نبھاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دولہا کے بچپن کے ایک دوست نے اس حوالے سے بتایا کہ شادیوں میں تھوڑا سا منظر بنانا ہمارا مقامی رواج ہے، اس نے اس بات پر زور دیا کہ رسم کے دوران دولہا موجود ہوتا ہے، اور اس رسم کی ادائیگی کے دوران گروپ دولہن کی حفاظت بھی کرتا ہے۔

لیکن سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس رسم کو جارہانہ اور بے ہودہ قرار دیا گیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اگر دلہن کو کچھ ہوا تو ذمہ داری کون لے گا؟

ایک اور صارف نے کہا کہ شادی کی یہ بے ہودہ رسمیں ایک پرانے دور کے آثار ہیں۔ دوسروں کو تکلیف دینے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔

Read Comments