پاکستان کے اسپنر عثمان قادر کی ریٹائرمنٹ پر ان کی اہلیہ صوبیہ عثمان نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پیغام میں عثمان قادر کی اہلیہ صوبیہ عثمان نے لکھا کہ آج میرے لیے بطور پاکستانی ایک سیاہ دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر میدان میں من پسند افراد کو نوازا جاتا ہے اور اقربا پروری پائی جاتی ہے۔
صوبیہ عثمان نے مزید لکھا ہے کہ پسندیدگی حقیقی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے، ہم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک اسے سپورٹ نہ کریں تو اس کا حقدار ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں آج پاکستان کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
اس حوالے سے عثمان قادر نے سوشل میڈیا پر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق بھی کی تھی۔
عثمان قادر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے ہیں، انہوں نے ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عثمان قادر نے این او سی کے معاملات سے دل برداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، انہیں کافی عرصے سے این او سی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا۔