موٹروے پر بھیرہ انٹرچینج کے قریب گاڑی میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی ہلاکت سے متعلق فارنزک رپورٹ منظرعام پر آ گئی۔
بھیرہ انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی میں 2 خواتین سمیت 4 افراد کی ہلاکت کا واقعہ 23 اگست کو پیش آیا تھا، موٹروے پر کار سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ ڈرائیور نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرنے والوں کے جسمانی اعضاء اور خون کے نمونے فارنزک سائنس اتھارٹی کو بھجوائے تھے۔ جبکہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا تھا کہ چاروں افراد کی ہلاکت کھانے پینے کی اشیاء سے نہیں ہوئی۔
لیکن اب اس کیس کی فارنزک رپورٹ سام نے آگئی ہے جس کے مطابق چاروں افراد کی ہلاکت کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے ہوئی اور چاروں افراد کی سانس اسی گیس کے سبب بند ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کاربن مونو آکسائیڈ ممکنہ طورپر ایگزاسٹ پائپ سےلیک ہو کر جمع ہوئی، گاڑی کے اے سی سے بھی گیس جمع ہونے کے امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچی شامل تھی بحق افراد کی شناخت 25 سالہ ثمر، 55 سالہ رومیلہ، 30 سالہ مہر اور 6 سالہ بچہ عون علی کے نام سے ہوئی تھی۔ بدقسمت فیملی میکلوڈ روڈ لاہور کی رہائشی تھی، جو کار نمبر ایل ای ایف 7339 پر لاہور سے اسلام آباد جارہی تھی۔