بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے لئے ایک بار پھر راہ ہموار ہوگئی ہے جس کا عملی مظاہرہ آئینی ترامیم ووٹنگ میں ہوگا، آرٹیکل 63 اے فیصلہ کالعدم قرار دینے کے بعد زرداری اور شریف خاندان کے لئے اراکین پارلیمنٹ خریدنے کا راستہ ہموار ہوا۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جب عدالتیں سیاسی مصلحت کا شکار ہوتی ہیں تو نظام انصاف فنا ہو جاتا ہے، فیصلے سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا جبکہ سیاسی مافیا کو فائدہ پہنچا ہے۔ عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کا قلع قمع کیا تھا،2022 سے پینڈنگ کیس کی 2024 میں ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے فیصلہ دینے کا کیا مطلب ہے؟
انھوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کے تیز ترین فیصلے نے سب کو حیران کیا ہے۔ یہ فیصلہ عدالتی نظام کیلئے باعث شرمندگی رہے گا۔غیر آئینی ترامیم کا راستہ روکنے کے لئے وکلاء برادری نکلے اوروکلاء برادری پی ٹی ائی کا ساتھ دیکر اس غیر آئینی ترامیم کا راستہ روکیں۔
فیصل واوڈا کے بیان پر بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا خودایک پیادہ ہیں وضاحت کریں کس کی ہدایت پر بھگوڑے بنے؟
سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان عمران خان اقتدار کیلئے لاشیں گرانا چاہتے ہیں، وہ اسی منصوبے پر عمل پیرا ہیں، عمران خان غریب کے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، یہ کہتے ہیں میرے اقتدار کیلئے لاشیں گرادو۔
فیصل واوڈا کے علی امین گنڈاپور پر ریپ جیسے سنگین الزامات
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ سرکاری وسائل اور اداروں کو سیاست کیلئے استعمال کر رہی ہے شہبازشریف، مریم نواز اپنے ضمیر کو شرم کے پانی سے دھوئیں، چچا بھتیجی بتائیں وہ کس حیثیت میں عوامی نمائندے بنے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تصادم کی سیاست وفاقی حکومت کی جانب سےکی جارہی ہے، آئین پاکستان نےہمیں احتجاج کاحق دیاہے، ن لیگ شروع سے پنجاب کارڈ کا استعمال کرتی آرہی ہے نہتےمظاہرین پرگولیاں چلانا جمہوریت کے خلاف بغاوت ہے، ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں پرگولیاں ن لیگ نے برسائیں، ملک میں بسنے والی تمام قومیں پاکستانی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور ان کے آلہ کاروں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے ان پر زبردستی مسلط ہو گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ڈنڈہ بردار جتھہ نے ماضی میں سپریم کورٹ پر بھی حملہ کیا، ہمیں اصلاحات کی ضرورت ہے، اور سیاست کو صرف سیاسی اداروں کے حوالے کیا جانا چاہیے موجودہ وفاقی حکومت نے ملک کے تمام اداروں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔