Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2024 03:12pm

عمران خان اقتدار کیلئے لاشیں گرانا چاہتے ہیں، وہ اسی منصوبے پر عمل پیرا ہیں، فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان عمران خان اقتدار کیلئے لاشیں گرانا چاہتے ہیں، وہ اسی منصوبے پر عمل پیرا ہیں، عمران خان غریب کے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، یہ کہتے ہیں میرے اقتدار کیلئے لاشیں گرادو۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان میں ایس سی او کا اجلاس ہونے جارہا ہے، اقتدار کے لیے ایک جماعت بہت ہی گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے، علی امین گنڈاپور مسلسل امن کے لیے خطرہ پیدا کررہے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سرمایہ کاری ہورہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلامی کی بات کرتے ہیں پہلے اپنی غلامی ٹھیک کریں، بانی پی ٹی آئی آزادی کی بات کرتے ہیں تو پہلے اپنے بیٹوں کو یہاں بلائیں، باپ پاکستان میں اتنا بڑا کام کرنے جارہا ہے پہلے اپنے بیٹے بلالیں، یہ کہتے ہیں میرے اقتدار کے لیے لاشیں گرادو، بانی پی ٹی آئی جگری دوست نعیم الحق کی وفات پر بھی نہ گئے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میں نے پی ٹی آئی پر خون پسینہ پیسہ سب کچھ لگایا، میری والدہ کا انتقال ہوا تو تمسخر اڑایا گیا، بیرسٹرگوہر شریف آدمی ہیں اس کو کہہ دیا نکال دیں، آپ کو پریشانی ہے آئی پی پیز کا مسئلہ حل ہونے جارہا ہے، سرمایہ کاری آرہی ہے مگر حکومت نااہل ہے، پاکستان تحریک انصاف کو لاشیں چاہیے اور وہ اسی منصوبے پر عمل پیرا ہے، عمران خان اقتدار کے لیے لاشیں گرانا چاہتے ہیں اور لاشیں ہمیشہ معصوم پاکستانیوں کی ہی گری ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ قانون ریڈزون میں آنے سے منع کررہا ہے آپ کہتے ہو ڈی چوک آئیں گے، ریڈ زون میں اس لئے آنا چاہتےہیں تاکہ لڑائی ہو، سب کو معلوم ہے کے پی میں کیا کرپشن ہورہی ہے، آپ کو کرپشن کرنے کا شوق ہے کریں، آپ کہہ رہے ہیں کے پی کے لوگوں پر گولی چلے گی توہم بھی ماریں گے، کون گولی مارے گا آپ لوگوں کو اشتعال کیوں دلارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں گالیاں دیتے ہیں، مولا جٹ کی سیاست شروع کردیتے ہیں، ڈکٹیٹر شپ کی غلامی آپ کے سر ہے، کے پی کے وسائل احتجاج کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پہلے بھی روکا آج بھی روک رہا ہوں، آپ پنجابی اور پٹھانوں کی لڑائی کرانا چاہتے ہیں، لاشوں کا انتظار کررہے ہیں اس دوران تیسرا بندہ فائدہ نہ اٹھالے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے فیض حمید سے متعلق بولنے پر تکالیف اٹھائی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے فیض حمید کو آرمی چیف بنانا تھا، فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی تھا تو اس وقت کہا تھا غلط کررہے ہیں، پی ٹی آئی میں پلاننگ ہوچکی معصوم لوگوں کی لاشوں کو گرانا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی سیاست کرنی ہے تو پھر دیکھ لیتے ہیں، ریاست، سیاست اور حکومت کی بھی ایک حدود ہے، میں پھرکہہ رہا ہوں بڑھکیں مارنے سے کوئی فائدہ نہیں، کبھی نہیں سنا ایس آئی ایف سی ،فوج یا پولیس نےیہ کام کیے ہیں، آپ کہتے ہیں سیاسی کیس بنارہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آپ جان کرغیرقانونی کام کرنے جارہے ہیں تاکہ حالات خراب ہوں، میں موجودہ حکومت کا فین نہیں ہوں، مینڈیٹ کی بات کریں تو 2018 میں ہم نے چوری کیا آج یہاں ہوگیا، سیاست میں چوری کرپشن نارمل سی چیز ہے، آج بھی کہہ رہا ہوں مروت اور لحاظ بہت ہوگیا، یہاں تک نہ لائیں کہ اپنے فون سے قوم کے آگے چیزیں رکھنی پڑیں، صورتحال اس نہج پر نہ لائیں کہ چیزیں آؤٹ آف کنٹرول ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھٹیا ویڈیوز کا میں قائل نہیں، میرے فون میں بہت بھری ہوئی ہیں، میں کوشش کررہا ہوں کہ قتل وغارت رک جائے، وقت پر پرامن احتجاج کرنا آپ کا حق ہے، میرے گھر میت ہو آپ ڈھول باجے لائیں تو جوتے ہی کھائیں گے، پارٹی چھوڑ گیا یا نکالا گیا ہوں تومیری زندگی تو ختم نہیں ہوگئی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ان بزدلوں جیسا نہیں جو 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی چھوڑ گئے، ہوسکتا ہے ایک 2 ہفتے میں پاکستان کے لیے بڑی خبر آجائے، میں آزاد ہوں میں غلامی کو قبول نہیں کرسکتا، یہ جس راستے جارہے ہیں اپنے سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھونک رہے ہیں، ریاست کی رٹ چیلنج کریں گے یا کرنے چاہتے ہیں تو چیپٹر کلوز ہے۔

Read Comments