اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مرکزی علاقے میں پارلیمنٹ سے محض کچھ میٹر فاصلے پر ایک عمارت پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں کم از کم پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ بدھ کو ایران نے اسرائیل کی جانب 180 میزائل داغے تھے جبکہ شمالی لبنان میں اسرائیلی کی زمینی کارروائی کے دوران اس کے آٹھ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
لبنان کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں مرکزی بیروت کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں حزب اللہ سے منسلک ایک طبی مرکز قائم تھا۔
دوسری جانب یمن سے حوثیوں نے تل ابیب میں پانچ ڈرون حملے کیے جس سے اسرائیل کا دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا۔
زمینی کارروائی میں ناکامی پر صہیونی فوج کے لبنان پر فضائی حملے کیے اور چوبیس گھنٹے میں چھیالیس سے زائد شہری شہید کردیے۔ بشورہ میں اسرائیلی حملے میں 9 شہری جاں بحق ہوئے۔
لبنانی سرحد کے قریب شیلنگ میں مصروف اسرائیلی ہیلی کاپٹر پرحزب اللہ کا جوابی حملہ ہونے پر ہیلی کاپٹر رفوچکر ہوگیا۔ لبنانی میڈیا نے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں یرون نامی علاقے میں اسرائیلی انفینٹری نے گھسنے کی کوشش کی تاہم اُسے حزب اللہ کے جانبازوں کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
بیروت پر اسرائیلی حملوں کی رپورٹنگ کے دوران ایک بلیجین صحافی زخمی ہوگیا۔ روس سمیت کئی ممالک اپنے باشندوں کو لبنان سے نکال رہے ہیں۔
یورپی یونین نے لبنان میں بگڑتی ہوئی صورتِ حال اور بے گھر ہونے والے افراد کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے مزید 3 کروڑ 31 لاکھ یورو کی امداد دی ہے۔ روس نے امدادی کھیپ بھیجی ہے۔
اسرائیلی فوج نے میسرہ کے خطے میں کیسرون نامی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔ اس علاقے پر کئی بار فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
طائر میں ریڈ کراس اور لبنانی فوج کے قافلے پر اسرائیلی حملے میں ایک لبنانی فوجی شہید ہوگیا۔
شام کے حکام نے بتایا ہے کہ لبنان سے ملحق سرحد شامی علاقے میں کئی دھماکے ہوئے ہیں۔ تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ دریں اثنا لبنانی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 1976 افراد شہید اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔