پنجاب کے شہر ملتان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق اور بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جبکہ پولیس نے کارروائی شروع کردی۔
پولیس کے مطابق گلگشت کا رہائشی عمران اپنی بیوی آمنہ اور 5 سالہ بیٹے کے ساتھ کچہری چوک کے قریب واقع ہوٹل میں کھانا کھانے گئے اور جیسے ہی وہ کھانا کھا کر ہوٹل سے باہر نکل رہے تھے تو اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم 3 مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس پر عمران فیملی سمیت قریبی دکان میں داخل ہوگیا۔
جس کے بعد ملزمان فائرنگ کر کے کچہری کی جانب چلے گئے تاہم اگلے ہی لمحے واپس دوبارہ ہوٹل پر آگئے تو عمران فیملی سمیت باہر نکل رہا تھا تو ملزمان نے دوبارہ اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عمران اور اس کی بیوی آمنہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا بلال معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
اطلاع ملتے ہی پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔پی ایف ایس اے کی ٹیم نے بھی نمونے حاصل کر لیے ہیں جن کی روشنی میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔