Aaj Logo

شائع 02 اکتوبر 2024 09:26pm

عالمی برادری تماشا نہ دیکھے بلکہ اسرائیل کو لگام ڈالے، لبنانی وزیرِاعظم

لبنان کے وزیرِاعظم نجیب میکاتی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ محض تماشا نہ دیکھے بلکہ اسرائیل کو لگام ڈالے۔

ایک سرکاری بریفنگ میں نجیب میکاتی نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابل لبنان کے عوام میں اتحاد و یگانگت بنیادی شرط ہے۔ پورے ملک میں ہنگامی حالت ہے۔ ایسے میں لوگوں کو ایک دوسرے کی مدد کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کے خلاف ہماری مدد کی اخلاقی ذمہ داری پوری کرے۔ اسرائیل لڑائی جارحیت کو طول دینا چاہتا ہے۔ اُسے روکنے کی ضرورت ہے۔

لبنانی وزیرِ اعظم کا موقف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکا، فرانس، یورپی یونین، جاپان، سعودی عرب، قطر، جرمنی، آسٹریلیا، کینیڈا اور اٹلی کے اجلاس کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔

لبنانی وزیرِاعظم نے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبی بیری اور پروگرویسیو سوشلسٹ پارٹی کے سابق لیڈر ولید جنبلات سے ملاقات کے بعد عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو کنٹرول کرے۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں لبنان کے نمائندے السید ہادی ہاشم نے کہا کہ اسرائیل نے لبنان میں محدود پیمانے پر زمینی کارروائی کی بات کی تھی مگر ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔ زمینی فوج دور افتادہ علاقوں میں بھی کارروائی کی تیاریاں کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس حوالے سے عالمی برادری کو صورتِ حال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

اسرائیلی کی بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں کے پیشِ نظر لبنان بھر میں سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اب تک حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا ہے۔ کہیں بھی اسرائیلی فوج اور لبنانی فوج کے درمیان کوئی جھڑپ بھی نہیں ہوئی۔

لبنانی حکومت بین الاقوامی رابطوں کے ذریعے اسرائیل کو روکنے کی کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں بھی سفارتی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

Read Comments