اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کیس میں جامعہ کراچی اورپولیس نے سندھ ہائیکورٹ میں جواب جمع کروادیا جبکہ وفاق اور پاکستان بار کونسل نے جواب جمع کرانےکے لیے مہلت کی استدعا کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ بار، کراچی بار اور دیگر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت جامعہ کراچی اور پولیس نے عدالت میں جواب جمع کروادیا جبکہ وفاق حکومت اور پاکستان بار کونسل کی جانب سے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اسلامیہ کالج پشاور کو درخواست میں بنایا گیا ہے؟ جس پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اسلامیہ کالج کو بھی فریق بنا رہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
عدالت نے ان فئیر مینز کمیٹی کی سفارشات اور سینڈیکیٹ کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے، عدالت نے جامعہ کراچی کو معاملے پر کسی بھی کارروائی سے روک رکھا ہے۔
عدالت نے پیمرا کو ان فیئر مینز کمیٹی سے متعلق خبروں سے بھی روک رکھا ہے جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کو ڈگری سے متعلق تحقیقات سے بھی روک رکھا ہے۔