بینکنگ ٹروجن (وائرس) Octo2 واپس آگیا ہے۔ اینڈرائیڈ فونز کو اپنے شکنجے میں کس کر یہ وائرس آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کرسکتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ محفوظ کیسے رہا جائے۔
دو سال کے وقفے کے بعد آنے والا آکٹو میلویئر نئی خصوصیات کے ساتھ واپس آیا ہے۔ اس کے ذریعے ہیکرز کو بینک اکاؤنٹس ہیک کرنے میں زیادہ آسانی رہے گی۔ یہ بہترین اینڈرائیڈ فونز کو بھی ہیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل کروم اور معروف وی پی این میں ایمبیڈ کیا جانے والا یہ وائرس انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
دی ہیکر نیوز نے بتایا ہے کہ تھریٹ فیبرک میں سیکیورٹی کے محققین نے بتایا ہے کہ آکٹو 2 نامی نیا وائرس بہت طاقتور ہے۔
عام طور پر یہ یورپ میں استعمال کیا جاتا ہے تاہم یہ امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی اپنے ٹارگٹ تک آسانی سے پہنچ سکتا ہے۔
آکٹو 2 آج کل گوگل کروم اور نارڈ وی پی این میں بھی ایمبیڈ کیا جاسکتا ہے۔ ایک بار پھر آپ کا فون اس میلویئر سے انفیکٹ ہو جائے تو پھر ہیکرز کے لیے اپنی مرضی کے مطابق نتائج حاصل کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
یہ آپ کے ڈیوائس ہی سے فراڈ کرسکتا ہے۔ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کے لیے ہیکرز کا پتا لگانا بہت دشوار ثابت ہوتا ہے۔
آکٹو پہلی بار 2022 میں نمودار ہوا تھا اور یہ دراصل 2016 میں نمودار ہونے والے میلویئر ایگزوبوٹ کو ماڈل کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔