فی زمانہ بیشتر بڑی ویب سائٹس اشتہارات سے کماتی ہیں۔ کسی بھی وڈیو یا دیگر مواد کو دیکھتے ہوئے اچانک اشتہار سامنے آجاتے ہیں۔ اب یو ٹیوب نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے باعث صارفین کی جھنجھلاہٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔
یوٹیوب پر ایسے اشتہارات لگائے جارہے ہیں جو کسی ویڈیو کو روکے جانے پر نمودار ہوتے ہیں اور اسکرین کو کم و بیش ہیک کرلیتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں صارفین کے لیے کنٹینوئٹی متاثر ہوتی ہے اور وہ شدید جھنجھلاہٹ کا شکار ہوتے ہیں۔
ان اشتہارات کو Pause Ads کہا جاتا ہے۔ گزشتہ برس عمدگی سے آزمائے جانے کے بعد ان اشتہارات کو اب بڑے پیمانے پر متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اشتہار زیادہ پریشان کن نہیں کیونکہ یہ کسی بھی ویڈیو پر اس وقت نمودار نہیں ہوتا جب وہ چل رہی ہوتی ہے۔
ایسے تمام اشتہارات چونکہ کسی بھی ویڈیو کو روک دیے جانے پر نمودار ہوتے ہیں اس لیے صارفین کے ارتکاز پر بھی اثر انداز نہیں ہوتے۔
معاملہ یہ ہے کہ یوٹیوب کے صارفین کو اشتہارات کی بھرمار سے پہلے ہی بہت پریشانی لاحق ہے۔ بڑھتے ہوئے اشتہارات کے باعث انہیں اپنی مرضی کا مواد دیکھنے میں غیر معمولی پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ کسی بھی ویڈیو میں اچانک کوئی اشتہارات سامنے آتا ہے اور ویڈیو دیکھنے کا لطف جاتا رہتا ہے۔