Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2024 02:16pm

لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، عظمیٰ بخاری کی گنڈا پور کو دھمکی

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے راولپنڈی میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج سے متعلق کہا ہے کہ راولپنڈی میں تماشہ لگانے کی اجازت نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج بھی راولپنڈی پر یلغار کا پروگرام بنایا ہے، قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آج انھوں نے پنڈی میں فساد کا پروگرام بنایا ہے، کے پی کے میں سیکیورٹی اداروں پر حملے ہورہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے صوابی کے لئے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرین اور فائر بریگیڈ لے کر پنڈی پر یلغار کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کی فائل ہونی چاہیے یا اے کے 47 ، کیا کوئی سیاسی جماعت اسلح کے ساتھ جلسہ کرنے آتی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنڈی میں ان کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے ،دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے، کرم میں لڑائی جاری ہے، جس میں پانچ افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے بدترین حالات ہیں اور وہاں کے پیسے پنجاب پر یلغار کے لئے لگ رہے ہیں، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ان کو دوسرے طریقے سے ٹھیک کرنا پڑے گا۔

گنڈا پور ’بھرپور تیاری‘ کے ساتھ راولپنڈی کیلئے روانہ، ریسکیو کی 25 گاڑیاں صوابی آمد

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یہ اطلاعات ہیں یہ شرپسندی کیسے کرنا چاہتے ہیں، آج ان کو ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شنگھائی تعاون تنظیم اسلام آباد میں ہونے جارہی ہے یہ اس کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک سو چھبیس دن کے دھرنوں کے بعد یہ بوریا بستر لپیٹ کر نکلے تھے، اس سے پہلے پرویز خٹک بھی اسلام آباد آنے کی کوشش کرچکے ہیں، کہتے ہیں گنڈاپور پنجاب آگیا بھائی گنڈاپور اٹک کے پل سے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ جب اٹک کے پل سے نہیں آنے دینا تو نہیں آنے دیں گے، پٹرول بم انھوں نے بچوں کو چلانا سکھا دیئے ہیں ، وہ ہم چلانے کی اجازت نہیں دے گے، گنڈاپور صاحب صوابی سے آرہے ہیں ان کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہباز شریف نے پوری دنیا کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے، اسرائیلی وزیر اعظم کی تقریر کے دوران ان کی تقریر کا بائیکاٹ کرنا بہترین ہے، اب لبنان کو غزہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Read Comments