Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2024 09:01pm

پی ٹی آئی کا کل لیاقت باغ میں احتجاج کا اعلان، دفعہ 144 نافذ، موبائل فون اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی

پی ٹی آئی نے لیاقت باغ میں احتجاج کا اعلان کیا تو پولیس نے لیاقت باغ راولپنڈی کو ہی سیل کر دیا۔ کل موبائل اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے ہفتہ 28 ستمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کا تاحال جلسے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

جلسے کی اجازت نہ ملنے پر سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ اگر کل ہمیں لیاقت باغ پنڈی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو پھر اسی جگہ پر احتجاج کریں گے۔

مینار پاکستان پر جلسے کیلئے بھی پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ سے مدد مانگ لی

جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری لیاقت باغ کے باہر اور اندر تعینات کر دی گئی ہے، پولیس نے چہل قدمی کیلئے آنے والے افراد کو بھی باہر نکال دیا ہے۔

کل موبائل اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی، ذرائع

دوسری جانب پی ٹی آئی کے کل ہونے والے احتجاج کے اعلان کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی بھر میں کل موبائل سروس معطل رہے گی۔

کل انتظامیہ کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان بھی متوقع ہے ، موٹر وے ایم ون ایم ٹو کو بھی بند رکھا جائے گا جبکہ چکری، باہتر، ٹیکسلا، اے ڈبلیو ٹی سے بھی شاہراوں کو بند کیا جائے گا

ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس معطل رہنے اور مری روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند بھی کئے جانے کا امکان ہے۔

پی ٹی آئی نے احتجاج سے متعلق حکمت عملی ترتیب دیدی، ذرائع

لیاقت باغ میں احتجاج کے اعلان اور حکومتی اقدامات کے بعد پی ٹی آئی نے احتجاج سے متعلق حکمت عملی ترتیب دیدی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلی کے پی بھی راولپنڈی احتجاج میں شرکت کرینگے، وزیراعلی علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے پی ٹی آئی کی کارکنان کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

راولپنڈی ڈویژن میں دفعہ 144 کے نفاذ

حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی، رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

راولپنڈی ڈویژن میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اورایسی تمام سرگرمیوں پرپابندی عائدکرنے کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔

نوٹفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق ہفتہ 28 ستمبراور اتوار 29 ستمبرکوہوگا، راولپنڈی ڈویژن کےچاروں اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی، ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کا راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے،،امن وامان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کومراسلہ جاری کردیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

Read Comments