**غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 37 فلسطینی اور 23 شامی باشندے شہید ہوگئے۔ جبالیہ کیمپ میں گھر پر حملے میں تین اور دیرالبلاح میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے الاقصیٰ اسپتال کے احاطے میں پناہ گزینوں پر بھی بم برسادیے۔ **
اسرائیلی حملوں کے جواب میں حوثی باغیوں کے حملوں کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کا آئل ٹینکر جزوی طور پر تباہ ہوگیا۔ امریکی بحریہ نے خبر کی تصدیق کردی۔
امریکی بحریہ نے جوابی کارروائی میں حوثیوں کو نشانہ بنانے کا دعوٰی کیا ہے۔ جنوبی لبنان پر بڑھتے ہوئے حملوں کے باعث دو دن میں 31 ہزار سے زائد افراد پناہ کی تلاش میں شام پہنچے ہیں۔
حوثیوں کے داغے ہوئے میزائل سے تل ابیب میں سائرن بج اٹھے۔ لوگ گھبراکر گھروں سے نکل آئے۔ ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیل نے شام اور عراق کے سرحدی علاقوں پر بھی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں شام کے 23 باشندے بھی شہید ہوگئے۔
لبنان پر حالیہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 700 سے زیادہ ہوگئی ہے۔ عراقی سرزمین سے بھی اسرائیل پر تیسری بار حملہ کیا گیا ہے۔ گولان کی پہاڑیوں پر ڈرون گرائے گئے ہیں۔
نیو یارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر فلسطین کے حامیوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ لندن میں بھی شہری غزہ اور لبنان میں اسرائیلی بمباری کے خلاف سڑکوں پر آگئے۔ پولیس نے 6 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔