پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل انگلینڈ کے لیے بری خبر آگئی، انگلش کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر جوش ہل انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے۔
انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے اگلے ماہ اکتوبر کے آغاز میں پاکستان آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بین اسٹوک کی قیادت میں 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جبکہ پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق انگلش ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ میں فاسٹ بولر جوش ہل بھی شامل تھے تاہم وہ تھائی انجری کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان، ابتدائی 2 میچز کہاں ہوں گے
پاکستان کے خلاف 3 میچز کی ٹیسٹ سیریز، انگلینڈ نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
20 سالہ انگلش فاسٹ بولر جوش ہل نے رواں ماہ سری لنکا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے صرف 10 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔
جوش ہل ان 6 فاسٹ بولرز میں شامل تھے جنہیں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب جوش ہل کی انجری کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے ان کے متبادل کے طور پر کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔