لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے پرو وائس چانسلر کی برطرفی کا فیصلہ معطل کردیا جبکہ عدالت نے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عالم سعید کو عہدے پر بحال کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
دلائل سننے کے بعد جسٹس احمد ندیم ارشد نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے پرو وائس چانسلر کی برطرفی کا فیصلہ معطل کرکے انہیں بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عالم سعید کو 3 سال کے لیے تعینات کیا گیا مگر گورنر پنجاب نے حکومت پنجاب کی سفارش پر بغیر نوٹس دیے 2 سال قبل ہی پرو وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹا دیا، حکومت پنجاب کا یہ اقدام آئین اور قانون کے خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حکومتی اقدام کلعدم قرار دے۔