وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے دسمبر 2024 میں سیٹل میں گیٹس فائونڈیشن کے دورے کی دعوت پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے لیے گیٹس فائونڈیشن کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اس کوشش میں دیرینہ تعاون پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں صحت کے نظام کی مضبوطی اور ماں اور بچے کی غذائیت کے لیے مسلسل کوششوں اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کی پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بل گیٹس نے زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ آئندہ نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام میں وزیراعظم کی ذاتی نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی۔
بل گیٹس نے افغانستان کے ساتھ صحت کے جامع ڈائیلاگ پر روشنی ڈالی اور ان اقدامات کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
انہوں نے ان جگہوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر اپنی رضامندی کا بھی اظہار کیا جہاں بچوں کو پولیو ویکسین ابھی تک میسر نہیں ہوئی یا پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی تعداد زیادہ ہے، خاص طور پر جہاں بچوں کو بیماری لگنے کی شرح زیادہ ہے۔
وزیراعظم نے گیٹس فائونڈیشن کی غزہ میں پولیو مہم کو سراہا۔انہوں نے فوری جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے حل پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد اتحادی ہونے پر بی ایم جی ایف کی تعریف کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایس ٹی ای ایم، تعلیم، زراعت اور لائیو سٹاک جیسے شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔