Aaj Logo

شائع 26 ستمبر 2024 02:17pm

عوام تیاری کرلیں، ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے والی ہے

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بارش برسانے والا نیا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہو گا، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

موسم کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشیں متوقع ہیں جب کہ اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، گجرات، لاہور اور حافظ آباد میں بارشوں کا امکان ہے۔ خوشاب، جھنگ، میانوالی، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی جھکڑ چلنے کے ساتھ ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

اُدھر خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش جب کہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا اور شام کے اوقات میں تھر پارکر میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

Read Comments