وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اچھی سیاست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، خیبر پختونخوا کے حکمران گالیاں دینے، جلاؤ گھیراؤ کے بجائے عوام کے لیے کام کریں میں پنجاب کے جس اسپتال میں جاتی ہوں وہاں خیبرپختونخوا سے آئے مریض زیر علاج ملتے ہیں، پنجاب میں آکر قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں کام کرکے عوام کے سامنے آتی ہوں، آج کسان پیکج پر عمل درآمد کا اعلان کررہے ہیں، اچھی سیاست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، نوجوانوں کے نعرے لگانے والے بہت آئے بہت دیکھےآپ نے، سیاست کو بدنام کیا ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں ایسا کوئی ایگریکلچر پیکج نہیں بنا، میری کابینہ میں 95 فیصد نوجوان ہیں، 6 سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری ملی، حلفاً اقرار کرتی ہوں کہ ایک بھی نوکری میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی، آپ ڈگری لے کر جاتے ہو، نوکری نہیں ملتی، مجھے احساس ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں گالم گلوچ ہو، یہ تو بڑا آسان ہے میں بھی کسی اور صوبے میں جاکر جلاؤ گھیراؤ کروں، بھڑکیں لگانا، جلاؤ گھیراؤ کرنا آسان ہے، جہاں جاتی ہوں خیبرپختونخوا کے مریض ملتے ہیں، پہلے بحث ہوتی تھی ملک نے کتنی ترقی کرلی کیا منصوبے بن گئے، آج بحث ہوتی ہے کس نے کتنی اونچی آواز میں گالی نکالنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنک بٹن متعارف کروانے جارہے ہیں ایک کلک پر پولیس پہنچ جائے گی، مجھے اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، کسان کو اس کی گندم کی قیمت کبھی نہیں ملتی، آڑھتی ادھار پر کسان سے گندم اٹھاتا ہے پھر بھی اسے وہ معاوضہ نہیں ملتا، 50 ہزار کسانوں نے کارڈ وصول بھی کرلیے ہیں، کسان کارڈ کے لیے پنجاب سے 10 لاکھ درخواستیں آئی ہیں، چھوٹے کسانوں کو بغیر سود ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرضہ دینے جارہے ہیں، 15 اکتوبر کو کسان کارڈ کی ایکٹویشن بھی ہوجائے گی، میں آڑھتیوں سے بلیک میل نہیں ہوں گی۔
تحریک انصاف کے لاہور جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں ںے کہا کہ جلسے کا وقت چھ بجے طے ہوا تھا انہوں نے خلاف ورزی کی، موٹر وے پر رانگ وے پر گاڑیوں کا قافلہ لے کر چل پڑے اور لاکھوں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا، کام کچھ کرنا نہیں ہے اور جب من کھلے تو منہ سے غلاظت کا ڈھیر نکلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 بجے کے بعد 2 پولیس والے گئے اور جسلہ ختم کرالیا، پنجاب قاعدے اور قانون کےساتھ چلتا ہے، گرین بیلٹ کو آگ لگادو شہدا کے مجسموں کو آگ لگادو یہ نہیں ہونے دیں گے، جو آپ کو پیٹرول بم کا درس دے پولیس والے کا سر توڑ دو کیا درست ہے، 9 مئی کے مقدمات میں جو نوجوان اندر ہیں آج ان کا پرسان حال نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو وارننگ دی کہ پنجاب میں قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہروقت جلسے کرتے رہیں گے تو کام کب کریں گے، میرے خلاف نعرہ لگائیں مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت اور اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، حکومت گندم کسان سے نہیں مافیا سے خریدتی ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں، اپنے بچے تو باہر بیٹھے ہیں انہیں نہیں لاتے پاکستان، ہمارا کام دوسرے صوبوں پر لشکر کشی کرنا نہیں، تمہارے صوبے میں لوگ بھوک اور بیماریوں سے مررہے ہیں، ان کے خلاف قانون حرکت میں آئےگا، کلاشنکوف لہرانے والا اپنے صوبے پر توجہ دے۔