پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے، ملک کا بیڑا غرق تو کر دیا اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں، اگلے چیف جسٹس کا اعلان کیا جائے، آئینی عدالت کا واحد مقصد چیف جسٹس سپریم کورٹ کی پاور ختم کرنا ہے، قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینیفشری ہیں جو انصاف نہیں ہونے دے رہے، یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، تھرڈ ایمپائر سب کنٹرول کر رہا ہے اور وہی ان کی ٹیم کا کپتان بھی ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو ہی پتہ چل گیا کہ یہ کیا کر رہے ہیں، یہ سب گینگ اف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کررہے ہیں، گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں، بس ججز آکر سنا دیتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں، ہائیکورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہیئے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا، ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسیٰ نے یہ نہیں کہا کہ ہماری خواتین اور کارکنان جو جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، 9 مئی واقعات میں انہوں نے آگ لگائی،جواب دیں سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ ائے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، چیف جسٹس کا یہ کام ہوتا ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی چھ بجے ختم ہوتا ہے ساری قوم کو پتہ ہے کیا ہو رہا ہے، کل سے جو ہو رہا ہے اس سے واضح ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے اس پر آرٹیکل 6 لگے گا اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے، چیف جسٹس بھی الیکشن فراڈ کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس بجھوا دیتا ہے، سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف چیف جسٹس کرتا ہے، تھرڈ امپائر سب کنٹرول کر رہا ہے وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے، ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ سامنے نہ آ جائے اور پی ٹی آئی اوپر نہ آجائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے، آج ججز کو دھمکیاں مل رہی ہیں کیوں قاضی فائز عیسی نہیں سنتا؟ وہ اس لیے نہیں سن رہا کیونکہ قاضی ان کا حصہ ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے جو کہا تھا اس پر چیف جسٹس نے اب تک کیا کیا؟۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے، اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں، اس وقت یحیی خان پارٹ ٹو حکومت ہے، مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے وہ لوگ حقوق چاہتے تھے، طاقت کا استعمال کر کے انہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا، یحیی خان نے اپنی طاقت کے لیے جیتی ہوئی جماعت کو اقتدار نہیں دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرکے قاضی فائز عیسیٰ کو آئینی کورٹ میں بٹھانا چاہتے ہیں، قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینفشری ہیں، قاضی فائز عیسیٰ انصاف ہونے نہیں دے رہے، انہوں نے ہمارا انتخابی نشان تک لے لیا تھا۔