وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کا خواہاں ہے، فلسطینی بھائیوں کیلئے ہرممکن مدد فراہم کر رہے ہیں
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کےساتھ معاملات حتمی مراحل میں پہنچ چکےہیں، پاکستان میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ ہوگئی اور بلوم برگ نے پاکستانی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کا ذمہ دار ہے، اقوام متحدہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی پربھی بات چیت ہوگی، پاکستان نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایاہے، دوست ملکوں سےروابط اورتعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پاکستانی کاروباری برادری سےملاقات طے ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے ہیں اور ان کے ہمراہ وفاقی وزرا خواجہ آصف، عطاتارڑ ، خالدمقبول ، طارق فاطمی ہیں۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے اقوام متحدہ کی فیوچر سمٹ سے خطاب میں واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل ہونے تک دنیا میں استحکام نہیں آسکتا جبکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض کے اخراجات کم کرنا ہوں گے۔